عبدالستارایدھی پورے ملک کا سرمایہ تھے: نواز شریف
معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین عبدالستار ایدھی جمعے کی رات طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، ان کی عمربانوے برس تھی۔
عبدالستار ایدھی کو گزشتہ روز معمول کے ڈائیلاسز کے لئے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) منتقل کیا گیا تھا جبکہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے شدید علالت کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔
ایدھی نے پاکستان کا سب سے بڑا نجی ویلفیئر ادارہ قائم کیا اور ان کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس گردانی جاتی ہے جو پاکستان کے ہر شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔
دنیا میں کئی شخصیات نے مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دیں ہیں لیکن جو کام ایدھی نے تن تنہا شروع کیا تھا اس کو آخری سانس تک چلاتے رہے اور انھوں نے معاشرے کی خدمت کی نئی مثال قائم کی۔
عبدالستارایدھی کو کئی مرتبہ نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا اور رواں سال بھی فہرست میں شامل تھے۔ ان کی شاندار خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے انیس سو نواسی میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
عبالستار ایدھی انیس سو اٹھائیس میں ہندوستان کے علاقے گجرات میں ایک مسلمان تاجر کے گھر پیدا ہوئے اور انیس سو سینتالیس میں ہجرت کرکے پاکستان آگئے۔
ایدھی اور ان کی ٹیم نے میٹرنٹی وارڈز، مردہ خانے، یتیم خانے، شیلٹر ہومز اور اولڈ ہومز بھی بنائے، جس کا مقصد معاشرے کے غریب و بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا تھا۔
اس ادارے کا نمایاں شعبہ اس کی پندرہ سو ایمبولینسیں ہیں جو ملک میں دہشت گردی کے حملوں کے دوران بھی غیر معمولی طریقے سے اپنا کام کرتی نظر آتی ہیں۔
سنہ دو ہزار میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں ایدھی فاؤنڈیشن کا نام بحیثیتِ دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس درج کیا گیا۔
ان کے ادارے کا سالانہ بجٹ ڈیڑھ ارب روپے ہے، جس کا بڑا حصہ پاکستان کے متوسط طبقے کی جانب سے دی گئی امداد پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس بجٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عبدالستار ایدھی نے معاشرے کے نادار لوگوں کی خدمت کی ایک ایسی فصیل قائم کی جس کو عبور کرنا ایک چیلنج ہوگا۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف سمیت اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ٹویٹر پر اپنے پیغامات جاری کئے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے نامورسماجی رہنما عبدالستار ایدھی کےانتقال پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستارایدھی پاکستان کاحقیقی اثاثہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انسانیت کی خدمت کرنے والی عظیم ہستی سےمحروم ہوگئے- انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستارایدھی پورے ملک کاسرمایہ تھے۔
ان کی نماز جنازہ ہفتے کو ادا کی جائے گی اور تدفین ایدھی قبرستان میں ہوگی۔