Jul ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی آخری رسومات  ادا کر دی گئیں

پاکستان کے شہرہ آفاق سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ اور آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں

نمازجنازہ میں پاکستان کے صدر ممنون حسین، گورنر سندھ عشرت العباد، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ ، پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سمیت ملک کی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات اور اعلی فوجی عہدیداروں نے شرکت کی - عبدالستارایدھی کی نمازجنازہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیئم میں ادا کی گئی - ان کی نمازجنازہ میں شرکت کے لئے سندھ سمیت دوسرے صوبوں سے بھی لوگ کراچی پہنچے تھے اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے - عبدالستارایدھی کے انتقال پر ہفتے کو کراچی کے تجارتی مراکز بند رہے - خود ان کی وصیت کے مطابق ان کے جسد خاکی کو سپر ہائی وے پر ایدھی ویلیج میں دفن کیا گیا - انتقال کے وقت معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین عبدالستار ایدھی کی عمربانوے برس تھی۔ ایدھی نے پاکستان کا سب سے بڑا نجی ویلفیئر ادارہ قائم کیا اور ان کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس گردانی جاتی ہے جو پاکستان کے ہر شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ عبدالستارایدھی کو کئی مرتبہ نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا اور رواں سال بھی ان کا نام اس فہرست میں شامل تھا۔ ان کی شاندار خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں انیس سو نواسی میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ عبالستار ایدھی انیس سو اٹھائیس میں ہندوستان کے گجرات میں ایک مسلمان تاجر کے گھر پیدا ہوئے اور انیس سو سینتالیس میں ہجرت کرکے پاکستان چلے گئے اس ادارے کا نمایاں شعبہ اس کی پندرہ سو ایمبولینسیں ہیں جو ملک میں دہشت گردی کے حملوں کے دوران بھی غیر معمولی طریقے سے اپنا کام کرتی نظر آتی رہتی ہیں - وزیراعظم پاکستان نواز شریف سمیت اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے- وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ عبدالستارایدھی پورے ملک کا سرمایہ تھے۔