Aug ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • عمران خان کا حکومت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پاکستان میں اپوزیشن کی اہم جماعت تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پناما لیکس کے معاملے پر ہم  الیکشن کمیشن میں جاچکے ہیں اور اب سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کے ثبوت لے کرجارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پٹیشن تیار کرلی ہے اور بدھ کو ضوابط کار سے متعلق میٹنگ کے بعد ہم سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر وزیراعظم میاں نواز شریف پر الزام لگایا کہ انہوں نے بدعنوانیوں سے کمایا گیا پیسہ ملک سے باہر بھیجا ہے۔ عمران خان نے فوج کے حوالے سے بھی وزیراعظم نواز شریف کے کردار پرکڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف دیگر اداروں کی طرح فوج کو بھی اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے گجرات اور جہلم میں جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تین ستمبر سے گوجرانوالہ سے پاکستان مارچ کا آغاز کیا جائے گا جو لاہور تک جائے گا، جہاں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیر اعظم میاں نواز شریف کی حکومت کے خلاف کئی بار مظاہرے کرچکے ہیں۔وہ  مسلسل مسلم لیگ کی حکومت پر انتخابی دھاندلیوں اور کرپشن کے الزامات عائد کرتے چلے آرہے ہیں۔