ترکی کے صدر کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی قدردانی
ترکی کے صدر نے کہا ہے کہ وہ ترک حکام اور عوام سے پاکستانی حکام اور عوام کی یکسوئی اور ترکی میں جمہوریت کی حمایت کئے جانے کی قدردانی کی غرض سے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے انقرہ میں مشاہد حسین سید کی قیادت میں انقرہ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں ترکی میں ناکام بغاوت کے دوران پاکستان کی جانب سے جمہوریت کی حمایت کئے جانے کو سراہا۔ انھوں نے پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ترکی، دہشت گردی کے خلاف مہم میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔ اس ملاقات میں پاکستان کےپارلیمانی وفد کے سربراہ مشاہد حسین سید نے بھی ترکی میں باغیوں کے مقابلے میں عوام کو متحد کرنے کے ذریعے بحران پر قابو پانے سے متعلق اردوغان حکومت کے اقدامات کی قدردانی کی۔ واضح رہے کہ دو ہفتے قبل ترکی کے وزیر خارجہ چاؤش اوغلو نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔