Aug ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان چین اقتصادی راہداری کانفرنس سے نواز شریف کا خطاب

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین، دو ہزار اٹھارہ میں مشترکہ سٹیلائٹ خلا میں بھیجیں گے۔

پاکستان چین مشترکہ سٹیلائٹ خلا میں بھیجنے کا اعلان وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے اسلام آباد میں منقعدہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین، یک جان دو قالب ہیں اور خطے میں قیام امن کے لئے دونوں ہی ممالک مل کر کام کریں گے- پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ جہاں پاکستان نے عالمی فورم پر چین کی ہرموقع پر حمایت کی ہے وہیں چین نے بھی پاکستان کو کسی بھی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑا ہے- انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ، پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے جو خطے کی تقدیر بدل دے گا- دوسری جانب چین کے ایک بااثر تھینک ٹینک نے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ  چین اور پاکستان کے اقتصادی راہداری کے منصوبے میں مداخلت نہ کرے- چینی تھینک ٹینک نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں چھیالیس ارب ڈالر کے پروجیکٹ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو چین اس پر خاموش نہیں بیٹھے گا- یہ بیان چین کے بااثر تھینک ٹینک کے سربراہ ہو شی شونگ نے دیا ہے۔