ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کا نوازشریف کا وعدہ
پاکستان کے وزیراعظم نے اپنی حکومت کی معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے دوہزار اٹھارہ تک توانائی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا-
وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور کارکردگی کا دفاع کیا - ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نےحکومت سنبھالی تھی تو ملک کو دہشت گردی اور معاشی بحران کا سامنا تھا مگراب حالات بدل چکے ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس، انیس ہزار سے چالیس ہزار کی حد عبور کرچکا ہے اور اب دنیا مانتی ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج، دنیا کی دس بہترین اسٹاک مارکیٹوں میں سے ایک ہے -
انہوں نے اپنے اور اپنے خاندان پرپیسے ملک سے باہر بھیجنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیسہ ملک سے باہر نہیں گیا بلکہ ملک میں آرہا ہے - انہوں نے کہا دوہزار اٹھارہ تک ملک میں بجلی اور توانائی کے بحران پر قابو پالیا جائےگا اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا- پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نےملک کےمختلف علاقوں میں اپنی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ معاشی ترقی کے لئے پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہاہے - انہوں نے اپنے خطاب میں خاص طور پر بلوچستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے-