Sep ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
  • سانحہ ماڈل ٹاؤن کو یورپی یونین میں اٹھانے کا فیصلہ

عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو یورپی یونین میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے-

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے دفتر پرحملے کا کیس یورپی یونین میں اٹھائے گی - اور اس سلسلے میں پار ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری بدھ کی رات لندن روانہ ہورہے ہیں-

ڈاکٹر طاہرالقادری نے لندن میں سینیئر وکلا کا ایک اجلاس بھی بلایا ہے - عوامی تحریک کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا معاملہ یورپی یونین کے انسانی حقوق کمیشن میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس کے لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم شواہد ، سی ڈیز ، اور دستاویزات لندن پنہچادی گئی ہیں- عوامی تحریک کے ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرطاہرالقادری جمعرات کو لندن میں سینیئر وکلا سے مشاورت کریں گے -

واضح رہے کہ سترہ جون دوہزار چودہ کو پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور پنجاب پولیس کے درمیان لاہور کےماڈل ٹاؤن میں تصادم کے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک اور مہناج القرآن ٹرسٹ کے چودہ کارکن ہلاک ہوگئے تھے جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں - اس واقعے میں نوے افراد زخمی بھی ہوئے تھے -

تصادم اس وقت شروع ہوا تھا جب پولیس نے منہاج القرآن کے دفتر اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے گھر کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کا آپریشن شروع کیا - اس سانحے کے بعد پاکستان عوامی تحریک نے چودہ اگست دوہزار چودہ کو عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر ایک مارچ نکالا اور اسلام آباد میں طویل دھرنا بھی دیا تھا -