Sep ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۲ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے، نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھےگا۔

اپنے ملک کے زیرانتظام کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرےگا۔انہوں نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دے۔ پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر کے عوام انصاف اور حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور عالمی برداری بھی ان کے اس حق کو تسلیم کرچکی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو خود خودارادیت دلانے کا وعدہ پورا کرے۔ پاکستان کے سرکاری حلقے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مجوزہ خطاب کے تناظر میں کشمیری رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم میاں نواز شریف کی ملاقات کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر کے معاملے کو پوری شدت کے ساتھ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔