ہندوستان کو کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا: نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ہرسطح پر حمایت جاری رکھیں گے اور ہندوستان کو کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کشمیریوں کےحق خودارادیت کی ہرسطح پرحمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیرکا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے اور ہندوستان کو کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنا ہوگا لہذا ہندوستان اپنے زیرانتظام کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر میں نسلیں جدوجہد آزادی کو آگے لے کر چل رہی ہیں اور کشمیری نوجوانوں نے جدوجہدآزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری توجہ ملک سے دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خاتمے پر مرکوز ہے جبکہ راہداری منصوبے سے خطے کی تقدیر بدلے گی۔