ایران پاکستان تعلقات میں مزید استحکام کی ضرورت پر تاکید
پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان دو پڑوسی اور برادر ملک ہیں-
قومی سلامتی کے امور میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے اسلام آباد میں ایران کے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو پڑوسی اور برادر ملک ہیں اور تاریخی لحاظ سے بھی ایک دوسرے سے قریب ہیں-
ناصرخان جنجوعہ نے مزید کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان مضبوط تعلقات نہایت ضروری ہیں اور پاکستان ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا-
اس موقع پر پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرمہدی ہنر دوست نے کہا کہ ملت ایران کے ذہنوں میں دفاع مقدس کی یادیں نقش کالحجرکی مانند ہیں اور ایران کے عوام اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتے-
مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج علاقے کی مضبوط ترین مسلح افواج کے طور پر پہچانی جاتی ہیں- ایران کے مقدس ہفتہ دفاع کی مناسبت سے جمعرات کی شب پہلی بارپاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایران کے آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران مجاہدین اسلام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا- اس تقریب میں پاکستان کے اعلی عسکری کمانڈر اور حکام بھی شریک تھے-