Sep ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان مسئلہ کشمیر کو حل کرنا نہیں چاہتا: جنرل راحیل شریف

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق جرمنی میں ایک فوجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہندوستان کشمیر جیسے تاریخی تنازعے کو حل کرنا نہیں چاہتا اور اسی لیے وہ دنیا میں غلط فہمیاں پھیلا رہا ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور پاکستان اس کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

درایں اثنا پاکستانی وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں ہندوستانی وزیر خارجہ کی پاکستان مخالف تقریر کا جواب تیار کر لیا گیا ہے۔ سینیٹ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ کی تقریر کے جواب کا مسودہ اقوام متحدہ کو بھجوا دیا جائے گا۔

پاکستان کے مشیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اور بلوچستان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی قیادت کی جانب سے ایسے بیانات مسئلہ کشمیر سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے دیئے جا رہے ہیں۔