Sep ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • سرجیکل آپریشن کا ہندوستانی دعوی بے بنیاد ہے، نوازشریف

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں سرحدوں پر جاری کشیدہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان نوازشریف نے کہا کہ ہندوستان کا سرجیکل آپریشن کا دعوی بے بنیاد ہے- انہوں نے ساتھ ہی دعوی کیا کہ پاکستان کے پاس سرجیکل آپریشن کی توانائی موجود ہے- وزیر اعظم پاکستان نوازشریف نے کہا کہ ہم خطے اور پوری دنیا میں امن کے خواہاں ہیں- انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنی چاہئیں- انہوں نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ تیار ہے- کابینہ کے اجلاس میں پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سرحدی سیکورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی- واضح رہے کہ ہندوستان نے کہا ہے کہ اس کی فوج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کشمیر میں سرحد کے اس پار سرجیکل آپریشن کر کے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا- ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس نے اٹھارہ ستمبر کو ہونے والے اڑی فوجی مرکز پر حملے کا بدلہ لینے کے لئے یہ سرجیکل آپریشن کیا- ہندوستان کی حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی کے اس اقدام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہیں- کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے سرجیکل آپریشن پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی- پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرجیکل آپریشن کا اعلان ہندوستان کی فوج کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشن، رنویرسنگھ اور وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے جمعرات کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کیا-