Oct ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • استعفی یا احستاب،نوازشریف خود فیصلہ کر لیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم میاں نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں اپنی پارٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت بدھ کو ہونے والے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میاں نواز شریف خود کو احستاب سے بچانے کے لیے کشمیر ایشو کو استمعال کر رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے تمام باتیں پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں ہو چکی ہیں لہذا مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں کوئی نئی چیز سامنے نہیں آئےگی۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ میاں نواز شریف اخلاقی جواز کھو چکے ہیں لہذا انہیں اپنے عہدے سے استعفی دے دینا چاہیے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس دو ہی راستے ہیں ایک یہ کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں یا فوری طور پر خود کو احستاب کے لیے پیش کر دیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کو آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات میں میاں نواز شریف کے اہل خانہ کے مالی معاملات سامنے آئے تھے۔ عمران خان کی تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ حکومت پاناما لیکس کی آزادانہ تحقیقات کروانے کے لیے اپوزیشن کے ضوابط کار کو تسلیم کرے۔