Oct ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • عمران خان نے تیس اکتوبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد کو بند کرنے کی تاریخ دے دی ہے-

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایڈوائزری کونسل کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےعمران خان نے اسلام آباد کو بند کرنے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تیس اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں -

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے استعفے یا احتساب تک اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے - انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ مسلم لیگ کی حکومت کا خاتمہ ہو ہم صرف نواز شریف کا احتساب چاہتے ہیں -

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان  نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بقول ان کے نوازشریف پانامالیکس میں مجرم ثابت ہوچکے ہیں اور ہم کسی مجرم کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرتے-

انہوں نے کہا کہ نوازشریف لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے کشمیر ایشو کو استعمال کررہے ہیں - عمران خان نے پیپلیزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے باریاں لے کر اور بدعنوانیوں کا ارتکاب کرکے اخلاقیات کو برباد کردیا ہے -

انہوں نے پیپلزپارٹی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کو بھی متحدہ قومی موومنٹ کی طرح مائنس ون فارمولا اپنانا چاہئے کیونکہ بقول ان کے زرداری کی وجہ سے پیپلزپارٹی ختم ہورہی ہے -