Oct ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب  مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ نواز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے یہ بات دورہ آذربائیجان کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان سنجیدہ ہے تو پھر پاکستان بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے کئی بار تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت کی دعوت دی ہے لیکن ہندوستان نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نےایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ خطے میں کشیدگی کی اہم وجہ ہے۔ انہوں نے حکومت ہندوستان پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں پہل اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کیے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے اڑی سیکٹر پر حملے کے الزامات کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول سے کوئی دراندازی نہیں کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ اٹھارہ ستمبر کو اڑی سیکٹر میں واقع ہندوستانی فوج کے ایک مرکز پر ہونے والے حملے میں اٹھارہ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ ہندوستان نے پاکستان پر اس حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا جسے اسلام آباد نے سختی کے ساتھ مسترد کردیا تھا۔