عمران خان نے دو نومبر کو اسلام آباد بند کا اعلان کردیا
پاکستان کی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف نے ایک بار پھر دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت دو نومبر کو اسلام آباد میں ایک بار پھر دھرنا دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یہ ہمارا آخری دھرنا ہوگا اور بقول ان کے اپنے مطالبات کی تکمیل کے لیے وہ آخری حدتک جائیں گے۔انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ان کے مجوزہ دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق عمران خان نے دھمکی دی کہ اگر حکومت نے دھرنے کو زبردستی ناکام بنانے کی کوشش کی تو پھر مسلم لیگ ن کی پوری حکومت چلی جائے گی۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے ایک بار پھر وزیراعظم کے استفعی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے پاس دو ہی راستے ہیں یا وہ خود کو احستاب کے لیے پیش کریں اور یا اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔وہ اس سے پہلے بھی کئی بار یہ مطالبہ کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات میں پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خاندان کی آف شور کمپنیوں کے معاملات سامنے آئے تھے۔ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اف شور کمپنیوں میں منتقل ہونے والی رقم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔اس سلسلے میں وزیر اعظم نے ایک اعلی سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کمیشن کے ضوابط کار پر حکومت اور حزب اختلاف میں اب تک اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔