Oct ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • پاناما لیکس معاملے پر نوازشریف اور عمران خان کے بیانات

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے پانامالیکس معاملے میں سپریم کورٹ کی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں

پاکستان سپریم کورٹ نے جمعرات کو پانامالیکس معاملے پر وزیراعظم کے خلاف دائر درخواستوں پر وزیراعظم نوازشریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور نوازشریف کے گھر کے کئی افراد سمیت مختلف افراد کو نوٹس بھیجا ہے- سپریم کورٹ میں کارروائی کے فورا بعد پاکستانی وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کی اور اس کے بعد بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں  پاناما پیپرز کے حوالے سے سپریم کورٹ میں کارروائی کے آغاز کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتا ہوں - وزیرا‏عظم پاکستان نے کہا کہ پاناما پیپرز کا معاملہ اب الیکشن کمیشن ، لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے سامنے لایا جاچکاہے لہذا بہتر ہوگا عدالت کے فیصلے کا بھی انتظار کرلیا جائے کیونکہ عوام کی عدالت تو مسلسل ہمارے حق میں فیصلے صادر کررہی ہے-  دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ بقول ان کے بدعنوان وزیراعظم سے استعفا لینا ضروری ہے ہم حکومت نہیں چلنے دیں گے - فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنی بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک کو تباہ کررہے ہیں اب ہم شریف برادران کی حکومت نہیں چلنے دیں گے - عمراں خان نے دعوی کیا کہ نیا پاکستان اب زیادہ دور نہیں ہے - انہوں نے خبردارکیا کہ اگر حکومت نے ان کے کارکنوں کو جیل میں ڈالا تو سخت ردعمل سامنے آئے گا -