Oct ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • عدالت کا حکم: عمران خان اور طاہر القادری کو گرفتار کیا جائے

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ کی عمارتوں پر حملے کے کیس میں عمران خان اور طاہرالقادری کو گرفتار کر کے سترہ نومبر تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے

اسلام آباد کی انسداد دہشت گر دی کی عدالت کے جج سید کوثرعباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کے کیس میں عمران خان اور ڈاکٹرطاہرالقادری کی گرفتاری کے وارنٹ کو  برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے آئندہ سترہ نومبر کو عدالت میں پیش کرے - انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے دوہزار چودہ کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری ٹی وی سمیت پارلیمنٹ  کی عمارت پر حملہ کرنے کے مقدمے میں ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے - مذکورہ عدالت کے جج نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورعوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سمیت ستر دیگر ملزمان کے گرفتاری کے وارنٹ کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے  -