عمران خان کا وفاقی حکومت پر شدید حملہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم نوازشریف پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو نومبر کو نئے پاکستان کا فیصلہ ہوجائےگا-
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پشاور کے علاقے متنی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے- انہوں نے کہاکہ دو نومبر کو فیصلہ ہوجائےگا کہ بقول ان کے پاکستان چوروں اور لٹیروں کا ہے یا قائد اعظم کا ہے -
عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ کرپٹ انسان کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرتا - انہوں نے نوازشریف پر الزام لگایا کہ وہ پاناما پیپرز معاملے میں چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں - انہوں نے جلسے کے شرکا سے کہا کہ وہ دو نومبر کو اسلام آباد پہنچیں -
عمران خان نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کررہی ہے - واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے پانامالیکس کی تحقیقات کے لئے حکومت کو عاشورہ تک کا وقت دیا تھا جس کے بعد انہوں نے دو نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا تھا -
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے پانالیکس معاملے میں اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہیں - انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس کے کہنے پر اس معاملے میں اپنا جواب جمع کرادیں گے -
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس معاملے میں دائر درخواستوں کی سماعت کے لئے یکم نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے - نوازشریف نے عمران خان کی دھرنوں کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے سے ملک کو بہت زیادہ اقتصادی نقصان پہنچا ہے -