دہشت گردی کا خاتمہ کردیں گے: نواز شریف کا دعوی
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے ہرگز استعفی نہیں دیں گے بلکہ آئندہ اتنخابات میں بھی بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے۔ میاں نواز شریف نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ سنہ دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں عوام نے ان کو مسترد کر دیا تھا اور دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں بھی عوام ان کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ گزشتہ سال تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے پاک چین اقتصادی کوریڈور کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا جس سے ملک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
دہشت گردی کی بیخ کنی کے بارے میں میاں نواز شریف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز پاکستان کے ایک کالعدم دہشت گرد گروہ نے دارالحکومت اسلام آباد میں کھلے عام جلسہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک جانب جب کالعدم دہشت گرد گروہ اہلسنت والجماعت حکومت کی اجازت سے اسلام آباد میں جلسہ کر رہا تھا، پاکستان کے سیکورٹی اہلکار ڈی چوک پر حکومت کے سیاسی مخالفین کو جلسہ کرنے سے روکنے کے لیے لوگوں پر لاٹھی چارج اور آنسوگیس کے شیل برسا رہے تھے۔