اسلام آباد: بنی گالہ جانے والے پی ٹی آئی کے سو کارکن گرفتار
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے بنی گالہ جانے والے پی ٹی آئی کے سو کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستانی پولیس نے حکومت مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور اتوار کے روز اسلام آباد کے نواح میں واقع تحریک انصاف کے سربراہ کی رہائش گاہ جانے والے سو کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل فائر کئے گئے۔ پاکستانی پولیس نے تحریک انصاف کے ایک رہنما علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے اسحلہ برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ تحریک انصاف نے پولیس کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے پارٹی کو بدنام کرنے کی سرکاری مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔
بنی گالہ پہنچنے کے بعد تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے صحافیوں سے گفتگو کی اور کہا کہ علی امین گنڈا پور کے حوالے سے خبریں غلط ہیں، کیا علی امین اتنے بے وقوف ہیں؟ ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے لیے بنی گالہ طلب کیا ہے۔ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف پر استعفے کے لیے دباؤ بڑھانے کی غرض سے دو نومبر کو دارالحکومت اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
تحریک انصاف وزیراعظم نوازشریف پر کرپشن اور انتخابی دھاندلیوں کے الزامات عائد کرتی ہے اور کئی بار ان کے استعفی کا مطالبہ کر چکی ہے۔