Oct ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • حضرو میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے حضرو میں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

 میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب مظاہرین نے صوابی انٹرچینج پر  پولیس کی کھڑی کی ہوئی رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین پر زبردست لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے حضرو ہارون آباد پل کے قریب متعدد سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو آگ بھی لگا دی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ مظاہرین پولیس کی کھڑی کی ہوئی رکاوٹوں کو ہٹا کر موٹر وے کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی تحریک انصاف کے قافلے کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کے لیے حکومت نے متعدد شاہراہوں اور سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔ حکومت پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے سیکڑوں کارکنوں اور مقامی رہنماؤں  گرفتار کرلیا ہے۔