عمران خان نے اسلام آباد کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا، یوم تشکر منانے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے بدھ کے روز یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں، آرام کریں اور دو نومبر کو آکر پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے یوم تشکر میں شرکت کریں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے تازہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات پرسوں سے شروع ہو جائے گی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے منگل کی صبح اپنے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ پاناما پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے خاندان کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے گا۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو اپنے موقف اور اپنی پارٹی کی فتح قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے سات ماہ قبل پاناما پیپرز کی تحقیقات کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پرعملدرآمد نہیں کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ پاناما پیپرز میں جن دو غیرملکی وزرائے اعظم کے نام آئے ان میں سے ایک نے تلاشی دی اور دوسرے نے استعفی دے دیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے کو یوم تشکر کے میں تبدیل کرنے کے اعلان کے بعد حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد کے تمام راستے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔ حکومت پاکستان نے تحریک انصاف کے اجتجاج کو روکنے کے لیے دارا الحکومت اسلام آباد آنے والے اہم راستوں کو کنٹینر لگا کے بند کر دیا تھا۔
اس موقع پر کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا تھا۔ پولیس نے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کی وجہ سے دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پولیس کی شیلنگ کے باعث دو کارکن ہلاک ہو چکے ہیں اور بہت سوں کی حالت تشویشناک ہے۔شاہ محود قریشی نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وفاق نے دو صوبوں کے درمیان کنٹینر کی دیوار کھڑی کر کے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی ہے جسے تازہ صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال اور تحریک انصاف کو پریڈ گراﺅنڈ میں جلسے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔