Nov ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • جنرل راحیل شریف کی حمایت میں پھر بینر لگ گئے

پاکستانی فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت کے آخری دنوں میں ایک بار پھر ان کی حمایت میں بعض شہروں میں بینر نصب کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد سے نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق جنرل راحیل شریف کی حمایت میں نصب کیے گئے بینروں میں ان سے آئندہ ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں ماہ کی انتیس تاریخ کو ختم ہونے والی ہے۔پوری پاکستانی قوم اس بات کی منتظر ہے کہ ان کے بعد اس حساس اور اہم عہدے پر کون آئے گا۔بعض سیاسی جماعتیں اور عوام کی بڑی تعداد جنرل راحیل کی مدت ملازمت میں توسیع کی خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ لیکن جنرل راحیل شریف نے اپنی ملازمت میں توسیع نہ لینے کا رجحان ظاہر کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ریٹائر ہوجائیں گے۔اب ایک بار پھر گیریژن سٹی راولپنڈی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ایسے بینر نصب کیے گئے ہیں جن پرراحیل شریف کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔ ان بینروں پر پارلیمنٹ سے اپیل کی گئی ہے وہ سرکاری ملازمین کے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق قانون میں ترمیم کرے تاکہ جنرل راحیل شریف کے سن دوہزار اٹھارہ کے انتخابات میں حصہ لینے کا راستہ ہموار ہوسکے۔ پاکستانی آئین کے تحت فوجی افسران اور سرکاری ملازمین سبکدوشی کے دو سال مکمل ہونے سے پہلے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مجاز نہیں ہیں۔