Dec ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب کے دورے پر، اعلی حکام سے ملاقاتیں

پاکستان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران اس ملک کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے آرمی چیف جنرل عبدالرحمن بن صالح سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب پر مسلم امہ کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات میں پاکستان میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ جبکہ سعودی آرمی چیف سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کی سطح بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ واضح رہے کہ یمن کے خلاف جنگ میں سعودی اتحاد کا حصہ بننے سے پاکستان کے انکار کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی جسے دور کرنے کے لیے دونوں ممالک کوشش کر رہے ہیں۔