پاکستان اور اردن کی مشترکہ فوجی مشقیں
پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کل اٹک کے قریب پاکستان اوراردن کی مشترکہ فوجی مشقوں فجر الشرق ون کا معائنہ کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تربیت یافتہ اور تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو کامیابی سے شکست دی ہے تاہم اب کامیابیوں کو مستحکم بنانا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ہماری کامیابیوں کو مثال کے طور پر لیا جاتا ہے جب کہ مشترکہ مشقیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا ذریعہ ہیں۔
پاکستان اور اردن کے مابین انسداد دہشت گردی کی مشترکہ فوجی مشقیں دو ہفتے جاری رہیں گی۔