پاکستان: رحیم یار خان میں خودکش دھماکہ
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں خودکش حملے میں ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی کے ڈی ایس پی چودھری اشرف نے حملے کو خود کش قراردیا ہے- ڈی ایس پی کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار تھے جبکہ راہگیر تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے میں دوحملہ آور ملوث تھے ایک حملہ آور نے برقع پہن رکھا تھا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کا ساتھی حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا- دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گرد کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے-
ڈی ایس پی چودھری اشرف کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے پہلے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہ وہاں داخل نہیں ہو سکا- انہوں نے بتایا کہ مسجد سے تھوڑے فاصلے پر سی ٹی ڈی کا دفتر ہے جس کے باہر اہلکار موجود تھے اور حملہ آور نے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے خودکش حملہ آوروں کی فائرنگ کا فوری جواب دیا اور نتیجے میں حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا- سی ٹی ڈی کے دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔