Jan ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • خطے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر نوازشریف کی تاکید

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے اصول پر کاربند رہنے اور اچھے تعلقات کی برقراری پر زور دیا ہے -

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنھیں پوری دنیا نے ستائش کی نگاہ سے دیکھاہے - انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے سبھی ملکوں کے ساتھ پرامن بقائےباہمی کا خواہاں ہے - اسلام آباد میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطحی اجلاس میں ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات سے متعلق امور پر غور کیا گیا - پاکستانی وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ سبھی ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مضبوط معاشی اور باہمی تعلقات کی توسیع ہماری خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے - انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو اس مقصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا- ان کا کہنا تھا کہ یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم امن ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیح بنائیں گے - ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع کی بات پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے ایک ایسے وقت کی ہے جب گذشتہ برس پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں -