پاکستان کے وزیر اعظم پر تحریک انصاف کی نکتہ چینی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پیسے منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوائے اور قاضی فیملی کے اکاؤنٹس میں ڈلوائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لوگ تخت لاہور سے تنگ آچکے ہیں۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈی جی خان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے الزام لگایا کہ نوازشریف نے پیسے منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوائے،ایف آئی اے کی رپورٹ موجود ہے کہ نوازشریف نے قاضی فیملی کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈلوائے۔
عمران خان نے کہا کہ کرپشن سے چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا ہے، جب تک یہ بدعنوانی ختم نہیں ہوگی، پاکستان میں غربت ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ لوگ نیا پاکستان چاہتے ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما اور وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں بولنے کے بجائے عدالت میں ثبوت پیش کریں۔ انھوں نے سخت تیور اپناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے حسد نے عمران خان کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔