پاکستان: توانائی کی ضرورت پر عمران خان کی تاکید
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے ایران کے ساتھ روابط میں توسیع و استحکام کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے اسلام آباد میں فارس خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ملک کو توانائی کی اشّد ضرورت ہے مگر غیر ملکی اور خاص طور سے امریکی دباؤ کی بنا پر ایران سے گیس درآمد کئے جانے کے منصوبے پر عمل نہیں ہوا ہے۔انھوں نے ایران سے گیس اور توانائی درآمد کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں اگر ان کی جماعت کامیابی حاصل کرتی ہے توہ بیرونی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر ایران سے گیس اور توانائی درآمد کئے جانے کے مسئلے پر بھرپور توجہ دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ ایران، پاکستان کا پڑوسی ملک ہے اس لئے ایران سے توانائی کی درآمدات اور تجارت، پاکستان کے لئے بہت زیادہ سودمند ہے اور ایران کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی روابط کا علاقے کے دیگر ملکوں سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی دباؤ سے متاثر ہوئے بغیر ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ای سی او کے سربراہی اجلاس سے رکن ملکوں کے تعلقات پر مثبت اثر پڑا ہے تاہم افغانستان کے سربراہ کی جانب سے اس اجلاس میں عدم شرکت ایک منفی نکتہ ہے کہ جس پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا کہ محمد اشرف غنی نے برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کی مگر پاکستانی حکام نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل اور دشمنان اسلام، علاقے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اس لئے علاقے کی سلامتی کے تحفظ کے لئے ایران کے ساتھ دفاعی تعاون خاص اہمیت کا حامل ہے۔