پاکستان: لاپتہ ہونے والی طالبہ داعشی نکلی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i279396-پاکستان_لاپتہ_ہونے_والی_طالبہ_داعشی_نکلی
پاکستانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاھور میں گرفتارہونے والی لڑکی نورین لغاری ہی ہے جس کا تعلق دہشتگرد گروہ داعش سے ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۱۶, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: لاپتہ ہونے والی طالبہ داعشی نکلی

پاکستانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز لاھور میں گرفتارہونے والی لڑکی نورین لغاری ہی ہے جس کا تعلق دہشتگرد گروہ داعش سے ہے۔

لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا کی پنجاب سوسائٹی سے گرفتار ہونے والی دہشتگرد کی شناخت ہوگئی ہے، گرفتار لڑکی حیدرآباد سے داعش میں شامل ہونے کے لئے گھر سے لاپتہ ہونے والی نورین لغاری نکلی ہے۔ لیاقت یونیورسٹی میڈیکل کی سیکنڈ ائیر کی طالبہ نورین لغاری مبینہ طور پر داعش میں شامل ہونے کیلئے 10 فروری کو لاپتہ ہوئی تھی وہ انتہا پسند تنظیم داعش میں شامل ہونے کے لئے شام گئی اور وہاں سے اپنے گھر والوں کو پیغام دیا تھا کہ وہ اللہ کے فضل سے خلافت کی زمین پر خیریت سے پہنچ گئی ہے، جبکہ اس کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ نورین لغاری داعش میں شامل ہونے کیلئے نہیں گئی بلکہ اسے اغوا کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کو نورین کے قبضے سے اس کے والد کا آئی ڈی کارڈ اور یونیورسٹی کا تعلیمی کارڈ بھی ملا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد ایسٹر کے موقع پر بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ حساس اداروں نے بروقت کارروائی کرئے ہوئے لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

واضح رہے کہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے پنجاب سوسائٹی میں حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا، جس میں ایک دہشتگرد علی طارق ہلاک جبکہ ایک خاتون سمیت 3 دہشتگرد گرفتار ہو ئے۔ دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ سے 2 کلاشنکوف،2 ایس ایم جیز،11 گرنیڈ،2 پستول اور 7 خودکش جیکٹس برآمد کی گئیں۔ دوسری جانب غیر جانبدار حلقے یہ کہتے ہیں کہ یہ سلسلہ تب سے شروع ہوا، جب سے تبلیغی جماعت تعلیمی اداروں میں داخل ہوئی۔ تبلیغی جماعت تبلیغ کی آڑ میں لوگوں کو اپنی جانب مائل کرتی ہے اور پھر نوجوانوں کی برین واشنگ کرکے انہیں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔