Apr ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم سے امریکی مشیر  برای قومی سلامتی کی ملاقات

امریکی مشیر برائے قومی سلامتی میک ماسٹر نے اپنے دورہ اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف سے امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر میک ماسٹر کی ملاقات میں اسلام آباد واشنگٹن تعلقات ،خطے اور افغانستان کی صورتحال سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل امریکی مشیر برائے قومی سلامتی میک ماسٹر نے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق وزرات خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی شامل رہے۔

پاکستان کے مشیر خارجہ نے امریکی مشیر برائے قومی سلامتی میک ماسٹر کو ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات، ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کے اقدامات، پاکستان میں ہندوستان کی مداخلت اور اسلام آباد کے بقول ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کی گرفتاری اور پاکستان دشمن سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔