پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک یا ریاست کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات قومی سلامتی کے امریکی مشیر جنرل میک ماسٹر کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی سرزمین پر پراکسی وار کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کا بلاتفریق صفایا کرنا ہے۔اس سے قبل قومی سلامتی کے امریکی مشیر جنرل میک ماسٹر نے پیر کے روز پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی الگ الگ ملاقات اور گفتگو کی تھی۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے نئی دھلی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت ڈوبھال سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔