May ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • فرقہ وارانہ اختلافات کو ختم کرنے پرتاکید

اجلاس میں اتحاد امت کے بیانیہ کو آئمہ مساجد اور خطباء کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا اور علماء سے اپیل کی گئی کہ وہ کل مسالک علماء بورڈ اور مجلس تحقیقات اسلامی کے مرتب کردہ اتحاد امت کے بیانیہ کو اپنے جمعہ کے خطبوں اوردیگر تقاریر میں بیان کریں۔

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی مولانا پیر محفوظ مشہدی اور معروف بریلوی عالم دین مولانا محمد خان لغاری نے مسلکی ہم آہنگی اور اتحاد امت کے سلسلے میں کل مسالک علماء بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتحاد امت اور مسلکی رواداری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس موقع پر مولانا محمد اسرار مدنی نے کل مسالک علماء بورڈ اور مجلس تحقیقات اسلامی کے جاری کردہ اتحاد امت کے بیانیہ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد معاشرے میں بین المسالک ہم آہنگی کیلئے علماء کرام، سول سوسائٹی کے اراکین اور صحافیوں کو ایسی صلاحیتوں اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے کہ جن کے ذریعے وہ پر تشدد فرقہ وارانہ اختلافات اور فسادات کو کم کرنے اور روکنے کی کاوشوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔

علماء نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ تشدد کو روکنے کے لئے کسی بھی ممکنہ تعاون سے گریز نہیں کریں گے عوام کو امن محبت اور بھائی چارے کا پیغام دینے کے لئے نچلی سطح پر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ٹیگس