طالبان کے 4 دہشتگردوں کو پھانسی
پاکستان میں فوجی عدالت سے سزا پانے والے مزید چارتکفیری دہشتگردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آج صبح کالعدم دہشتگرد گروہ تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشتگردوں کو پھانسی دے دی گئی جنھیں فوجی عدالت نے سزا سنائی تھی۔
سزا پانے والے طالبان کے دہشتگردوں میں قیصر خان، محمد عمر، قاری زبیر محمد اورعزیزخان شامل ہیں جنہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔
چاروں دہشتگرد سکیورٹی اہلکاروں,مساجد،امام بارگاہوں پر حملوں اورعام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے جبکہ دہشتگردوں نے مواصلاتی نظام کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فوجی عدالتوں کا قیام 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر حملے کے بعد آئین میں 21 ویں ترمیم کرکے عمل میں لایا گیا تھا لیکن فوجی عدالتوں کی 2 سالہ خصوصی مدت رواں برس 7 جنوری کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد 31 مارچ 2017 کو پاکستان کے صدرممنون حسین نے 23 ویں آئینی ترمیم کے بل اور پاکستان آرمی ایکٹ 2017 پر دستخط کیے اور یوں فوجی عدالتوں کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع ہوگئی تھی۔