Aug ۰۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • نوازشریف کی اسلام آباد سے لاہور روانگی

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نا اہل قرار دئے جانے کے بعد وزارت عظمی سے سبکدوش ہونے والے نوازشریف اسلام آباد سے لاہورکی جانب روانہ ہوگئے ہیں

نواز شریف ریلی کی شکل میں قافلے کے ساتھ اسلام آباد سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے جس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ ہوٹل اور دوکانیں بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات پیش آئیں - پاکستانی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے خبردی ہے کہ پانچ سے چھے ہزار افراد قافلے میں شامل ہیں اور سات سو سے آٹھ سو سرکاری اور نجی گاڑیاں قافلے میں موجود ہیں - سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا قافلہ مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے نکلا- روانگی سے قبل نوازشریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ طاقت کا مظاہرہ نہیں ہے بلکہ مجھے اپنی سنچری مکمل کرنی ہے - ان کا کہنا تھا کہ میں کہیں نہیں جا رہا ہوں- اطلاعات ہیں کہ نواز شریف اسلام آباد سے لاہور کے راستے میں رات کو جہلم کے ایک نجی ہوٹل میں قیام کریں گے- ریلی میں شریک پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی کے شرکا کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سبھی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں -