Aug ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • نوازشریف کا قافلہ لاہور پہنچ گیا

سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا قافلہ جو بدھ کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے روانہ ہوا تھا ہفتے کی شام لاہور پہنچ گیا ہے

نوازشریف نے اپنے سفر کے دوران جگہ جگہ رک کر کارکنوں سے خطاب کیا - ہفتے کو مریدکے میں خطاب کرتے ہوئےنوازشریف نے کہا کہ چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں بن سکتے - انہوں نے کارکنوں اور عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں یہاں جو دیکھ رہا ہوں وہ ایک انقلاب اور تبدیلی کا پیش خیمہ ہے- انہوں نے کارکنوں سے عہد کیا کہ وہ ان کے قدم سے قدم ملا کر چلیں گے - انہوں نے خود کو وزارت عظمی کے عہدے سے فارغ کردئے جانے کو پاکستان کی بے عزتی قراردیا اور کہاکہ خطے میں پاکستان کے علاوہ اور کوئی ملک ایسا نہیں ہے جہاں یہ تماشاہورہا ہو- ان کا کہنا تھا کہ یہ گھناؤ نا کھیل صرف پاکستان میں ہوتا ہے - اس سے پہلے بھی نوازشریف اپنی اس ریلی کے دوران کھل کر ججوں کے فیصلے پرتنقید کرچکے ہیں اور انہوں نے سابق جرنیلوں کی حکومت کو بھی آمریت قراردیا تھا- دوسری جانب عدلیہ کے خلاف مبینہ طور پر تقریریں کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا  ہے - لاہورکے ایک مقامی شہری محمود اختر نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایک درخواست دائرکی ہے جس میں ریلی کے دوران نوازشریف کی مبینہ طور پر عدلیہ مخالف تقریروں کی شکایت کی گئی ہے - درخواست گزار نے استدعاکی ہے کہ نوازشریف پر توہین عدالت کا مقدمہ چلایا جانا چاہئے -