نوازشریف نے نیب کی کارروائی کو دھوکہ قراردے دیا
پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی احتساب بیورو نیب کی کارروائی کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے نیب میں پیش ہونے سے انکار کردیا ہے
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق نوازشریف اور اسحاق ڈار نے اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ موجودہ تحقیقاتی طریقہ کار بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے - نوازشریف کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا ہےکہ موجودہ تحقیقات قانونی طریقہ کار کے تحت نہیں ہیں اور نظرثانی کی درخواست کے ہوتے ہوئے نیب کی موجودہ کارروائی غیر قانونی تصور ہوگی - نوازشریف کے جواب میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق کسی بھی شہری کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا - ان کے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ زیرالتوا اپیل کے باوجود نیب کی کارروائی دھوکہ دہی کے مترادف ہے اس لئے وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے - وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھی نیب میں تحریری جواب داخل کردیاگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی کی اپیل زیرالتوا ہے جس کے باعث نیب کارروائی نہیں کرسکتا - اور وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہوں گے