امریکا مخالف ریلی کے شرکا پر کراچی پولیس کا تشدد
کراچی پولیس نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی امریکا مخالف ریلی پر زبردست شیلنگ اورلاٹھی چارج کیا ہے جس میں متعدد افراد زخمی جبکہ کئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیاہے
امریکا کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آئی ایس او کی ریلی کو امریکی قونصل خانے کی جانب جانے سے روکنے کے لئےپولیس نے مظاہرین پر زبردست شیلنگ اور لاٹھی چارج کردیا -
امریکا مردہ باد ریلی آئی ایس او کے پرچم تلے نکالی گئی مگر پولیس نے کنٹینرز لگاکر راستے سیل کردئے تھے مظاہرین جیسے ہی نمائش چورنگی پر جمع ہوئے پولیس نے ان پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی - پولیس کی شیلنگ میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ریلی کے کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے -
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ریلی کے شرکا پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں - ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کی امریکا مخالف ریلی پر پولیس گردی ناقابل برداشت ہے -
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں امریکی صدر ٹرمپ نے افغانستان، پاکستان اور خطے کے بارے میں نئی پالیسی بیان دیتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا تھا جس پر پاکستانی حکام اور عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا - اور اتوار کو آئی ایس او کی جانب سے نکالی گئی امریکا مردہ باد ریلی عوامی غم و غصے کے اظہار کے لئےتھی - دوسری جانب صوبائی حکومت نے مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو ایسا رویّہ نہیں اختیار کرنا چاہئے تھا-