Oct ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • نوازشریف پارٹی کے دوبارہ صدر منتخب

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف مسلم لیگ نون کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کےمطابق مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں میاں نوازشریف کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کی توثیق کی گئی ۔ پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر چودھری جعفر اقبال نے آئندہ چار سال کے لیے نوازشریف کے بطور پارٹی صدر منتخب ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ جنرل کونسل کے اجلاس میں میاں نوازشریف کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت متعدد وفاقی وزرا اور پارٹی کے سینیئررہنماؤں نے شرکت کی ۔ پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد نوازشریف نے پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بار بار سیاست سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن آپ لوگ مجھے سیاست میں واپس لاتے رہے اور آج بھی آپ لوگوں نے مجھے سیاست میں لانے کی جو کوشش کی ہے اس پر میں آپ کا شکر گزار ہوں - انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ قانون بقول ان کے اس ڈکٹیٹرمشرف کو لوٹا رہے ہیں جس نے نوازشریف کو روکنے کے لئے اسے نافذ کیا تھا - قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی- ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کیا لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ایسے فیصلوں کو عوام اور تاریخ نے کبھی بھی قبول نہیں کیا ہے - اجلاس کو کئی دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا -