نوازشریف اور ان کی بیٹی و داماد پر فرد جرم عائد
پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیاہے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فرد جرم ان کی عدم موجودگی میں عائد کی گئی۔ نیب قانون کی شق سترہ سی کےتحت ملزم کی غیرحاضری کے باوجود فرد جرم عائد ہوسکتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت روکنے سے متعلق نواز شریف کی درخواست مسترد کردی تھی جبکہ عدالت نے مریم نواز کی درخواست کو بھی مسترد کردیا تھا۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کا فیصلہ نہ آجائےاس وقت تک کارروائی روکی جائے۔سماعت میں وقفے کے دوران مریم نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سزا پہلے سنائی گئی ٹرائل بعد میں ہورہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اسی ہفتے کے آخریاآئندہ ہفتے واپس آجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے، صحت میں بہتری آ رہی ہے جبکہ مکمل ریکوری میں چھ ماہ لگ جائیں گے۔