نواز شریف کا اچانک دورہ سعودی عرب
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن سے پاکستان لوٹنے کے بجائے اچانک سعودی عرب پہنچ گئے۔
پروگرام کے مطابق نواز شریف پیر کو لندن سے لاہور پہنچنے والے تھے لیکن وطن واپسی کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کر کے سعودی عرب پہنچ گئے-
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ میں اپنے سعودی دوستوں کے ساتھ بیک چینل رابطہ بحال کریں گے-
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جدہ میں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے تاہم ان ملاقاتوں کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں-
دوسری جانب پاکستان کے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں کہا ہے کہ نواز شریف ان معاہدوں کو منسوخ کرنے کے لئے کہ جن کی بنا پر عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کی تھی، سعودی حکام سے بات چیت کے لئے ریاض گئے ہیں-
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواز شریف کچھ عرصے سے کوشش میں تھے کہ وہ سعودی حکام سے ملاقات کریں- پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاناما معاملے میں نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد انہیں وزارت عظمی کے عہدے سے سبکدوش ہونا پڑا تھا-