Oct ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • نوازشریف کے بیٹوں کے منجمد اثاثے قرق کرنے کا حکم

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے بیٹوں کے منجمد اثاثے قرق کرنے کا حکم دے دیا ہے

نیب نے احتساب عدالت میں شریف خاندان کے پاکستان میں موجود اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی جس کے بعد عدالت نے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ایس ای سی پی کو حسن نواز اور حسین نواز کی کمپنیوں میں موجود حصص کو قرق کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی ریکارڈ کے مطابق حسن نواز اور حسین نواز کی چھے کمپنیوں میں حصص موجود ہیں۔ عدالت نے نوازشریف کے بیٹوں کے اثاثے قرق کرنے کا حکم دیتے ہوئے اثاثوں سے متعلق مزید کارروائی چودہ نومبر تک ملتوی کردی۔
اس درمیان عدالت نے نواز شریف کے دونوں بیٹوں کو مفرور قرار دے کر اشتہاری قراردینے کی کارروائی کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔اس سے پہلے چھبیس اکتوبر احتساب عدالت نے عدالت میں حاضر نہ ہونے پر سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔