نوازشریف کے بیٹے اشتہاری مجرم قرار
احتساب عدالت میں پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹوں کی مسلسل عدم پیشی کی وجہ سے عدالت نے دونوں کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جس کے دوران حسن نواز اور حسین نواز بدھ کو بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان دونوں کو اشتہاری قراردے دیا۔
عدالت نے کہا کہ دونوں ملزموں کو ہر عدالتی فیصلے میں اشتہاری لکھاجائے۔
کیس کی مزید سماعت بائیس نومبر تک لئے ملتوی کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدلت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سات دن کے لئے عدالت میں حاضری سے استثنا دے دیا ہے۔
اس درمیان عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ یہ پہلے سے لکھا ہوا ہے کہ ہر صورت میں سزا دینی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سزا دی نہیں جارہی بلکہ دلوائی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دوہرے معیار کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ انیس سو ننانوے میں بھی میں نے کہا کہ طیارہ اغوا کیس میں سزا دلوائی جارہی ہے پہلے بھی مجھے پھنسایا گیا اور آج بھی وہی معاملہ دوہرایا جارہا ہے۔