Dec ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکی فیصلے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے، پاکستان کی تجویز

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے بیت المقدس کو آزاد فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی مشترکہ جدو جہد کی ضرورت پر زور دیا

ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ او آئی سی اور امت مسلمہ کے لیے واحد اور متفقہ روڈ میپ آزاد فلسطین اور القدس ہونا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور پاکستانی عوام امریکی اقدام کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔
انھوں نےامریکی اقدام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ بیت المقدس کے بارے میں امریکہ کے حالیہ فیصلے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے۔
انھوں نے بیت المقدس پر اسرائیلی تسلط کو ختم کرنے کے لیے اقتصادی معاملات کے ذریعے دباؤ ڈالے کی ضرورت پر زور دیا۔