کلبھوشن جادھو سے اس کے اہل خانہ کی ملاقات
پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں سزا یافتہ ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو سے اس کے اہل خانہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے-
اسلام آباد میں یہ ملاقات پاکستان کے دفتر خارجہ میں انجام پائی جو تقریبا آدھے گھنٹے تک جاری- اس سے پہلے کلبھوشن کی ماں اور اس کی اہلیہ ہندوستان سے دبئی کے راستے پیر کی صبح اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچیں اور وہاں سے انہیں سیدھے ہندوستانی ہائی کمیشن لے جایا گیا-
ملاقات کے وقت دفتر خارجہ کے باہر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے- ملاقات کے لئے پاکستانی دفتر خارجہ کے اولڈ بلاکس میں مخصوص کمرے میں شیشے کے ایک طرف مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں سزای افتہ کلبھوشن جادھو اور دوسری طرف اس کی والدہ اور اہلیہ تھیں اور وہ انٹر کوم کے ذریعے ایک دوسرے سے بات چیت کر رہے تھے-
ملاقات کے موقع پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور پاکستانی دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر انڈیا ڈیسک، ڈاکٹر فاریحہ بھی موجود تھیں- پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان اور ہندوستانی ہائی کمیشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے اہل خانہ پیر کو ہی عمان کے راستے ہندوستان واپس لوٹ رہے ہیں-