Jan ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۲:۵۴ Asia/Tehran
  • شہبازشریف اور نواز شریف کا دورہ سعودی عرب مکمل

جدہ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد شہباز شریف پاکستان واپس پہنچ گئے جبکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی منگل کو متوقع ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اس ملک کے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پیر کی شام جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی ۔ سعودی ولیعہد سے پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ملاقات میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔

نواز شریف ملاقات کے بعد محمد بن سلمان کے خصوصی طیارے سے مدینے روانہ ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ملاقات کے بعد سعودی عرب سے لاہور واپس پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی منگل کو کسی وقت پاکستان پہنچ جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں ، پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط رشتوں پر زور دیا ۔ انھوں نے صحافیوں کے پوچھنے پر بھی سعودی ولیعہد سے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ۔ انھوں نے کہا کہ اس دورے کی تفصیلات وہ علیحدہ پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ شریف فیملی اور مسلم لیگ نون کے بعض اہم عہدیداروں کے دورہ ریاض کے تعلق سے پاکستان کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں مختلف قسم کی چہ می گوئیاں کی جارہی ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اس دورے کو مشکوک قرار دیا ہے۔ بعض حلقوں نے مالی بدعنوانی کیس سے اس دورے کو جوڑنے کی کوشش کی ہے تو بعض کا خیال ہے کہ شریف برادران کے اس دورے کا تعلق پاکستان کی آئندہ سیاست سے ہے۔