امریکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صدر ٹرمپ کے ٹوئیٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی سولہ سال کی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے ملکی اشرافیہ کو امریکی رویئے میں تبدیلی کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پچیس ارب ڈالر کے لیے پاکستان کی تذلیل کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو افغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے اور افغانستان کا امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔
عمران نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف اور وزیر قانون پنجاب، رانا ثناءاللہ نے انتہا پسند گروپوں کو پال رکھا ہے۔