Jan ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش

سانحہ علمدار روڈ کے شہداء کی پانچویں برسی کے سلسلے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےاور ہمارے مسنگ پرسنز کو رہا کیا جائے۔

مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کل کوئٹہ میں سانحہ علمدار روڈ کے شہداء کی پانچویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ "یوم استقامت و یکجہتی مظلومین" کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو شیعہ اور سنی نے مل کر بنایا ہے۔

قیام پاکستان میں کوئی مسلکی تقسیم نہیں تھی۔ لیکن آج ہمیں تقسیم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ان سازشوں میں ہمارے نااہل حکمران شریک ہیں۔ عالمی قوتیں پاکستان کو توڑنے کے لئے شیعہ سنی کو لڑانا چاہتی ہیں۔ اس وقت یورپ کو پاکستان سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ امریکہ شام اور عراق کو توڑنے کے بعد پاکستان کو توڑنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کوئٹہ کے شہداء نے پوری دنیا کو استقامت کا درس دیا ہے۔ شہیدوں کا خون اثر رکھتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 772 مقامات پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے۔ پاکستان کے علاوہ یورپ میں لاکھوں لوگوں نے احتجاج کیا اور یہ صرف آپ کے شہداء کے خون کی پاکیزگی کے سبب تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں تکفیری منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ آپ کی وجہ سے دنیا کے سامنے تکفیریت بے نقاب ہوئی ہے۔ آپ کی آواز میں طاقت ہے، آپ دنیا کے مظلومین کے لئے مثال ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان امریکی بلاک میں نہ گیا ہوتا آج ملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔ پاکستان، چین، روس، ترکی اور ایران کو اکٹھا ہونا چاہیئے، جس کے بعد امریکی مداخلت افغانستان میں کم ہوجائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شیعہ اور سنی مل کر اس ملک میں خون کی ہولی نہیں کھیلنے دیں گے۔ اگر جی ایچ کیو پر ہونے والے حملے پر خصوصی عدالتیں قائم ہوسکتی ہیں تو سانحہ علمدار روڈ، سانحہ شکار پور اور سانحہ کراچی کے لئے کیوں نہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے شہداء کی پانچویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں شہداء کے خانوادوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے اسی مقتل گاہ سے اپنے شہداء کے ٹکڑوں کو اُٹھایا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پوری قوم نے سخت سردی میں استقامت کا مظاہرہ کیا۔ آج کا دن شہداء کے لہو سے تجدید عہد کا دن ہے۔

رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست سے شکوہ ہے کہ آج تک ہمارے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ہم کوئٹہ کی آبادی کا پانچواں حصہ ہیں۔ ہمارا حق کیوں پامال کیا جا رہا ہے۔؟ میں نے اپنی قوم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا اور آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہوں۔

ٹیگس