غزہ مزيد 47 فلسطینی شہید
غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی دہشتگردوں کے تازہ ترین حملوں میں مزید کم ازکم تین سو فلسطینی شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کے روز مزید کہا کہ غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سینتالیس فلسطینی شہری شہید اور دوسو چھبیس زخمی ہوگئے۔اٹھارہ مارچ دوہزار پچیس کو غزہ کی پٹی پر صیہونی جارحیت کے نئے مرحلے کے آغاز کے بعد سے اب تک دس ہزار چارسو افراد شہید اور تینتالیس ہزار آٹھ سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نام نہاد امدادی مراکز میں چودہ افراد شہید اور ایک سو بتیس زخمی ہوئے، جس کے بعد لقمہ غذا کی خاطر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد دو ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ چودہ ہزار چار سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دریں اثناء گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو بچوں سمیت مزید سات افراد بھوک اور غذائی قلت کے باعث شہید ہوگئے جس کے بعد غزہ میں بھوک سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد دوسواٹھاون ہوگئی جن میں ایک سو دس بچے شامل ہیں۔
سات اکتوبر دوہزار تیئیس کے بعد سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد باسٹھ ہزار اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ چھپن ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔